راولپنڈی (پی پی اے) ڈائریکٹر جنرل کیریئر گروپ آف انسٹیٹیوشنز پروفیسر محمد عامر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کیریئر کالج کی ملک بھر میں توسیع کے منصوبے کے تحت 2035 تک پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں 100 برانچز کھولی جائیں گی، جبکہ بعد ازاں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ملک کے دیگر صوبوں و علاقوں میں بھی کیمپسز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی سی سی کمرشل ایریا گلزار قائد راولپنڈی میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن دیتے ہوئے کیا۔ پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ ادارے کی توسیع کے لیے منظم اور مربوط حکمت عملی اور ٹھوس منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، جس کے تحت لوگوں کو کیریئر گروپ آف انسٹیٹیوشنز میں شمولیت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیریئر کالج کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ایسے علاقوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے جہاں سستی اور معیاری تعلیم کی زیادہ ضرورت ہے۔ منصوبے کے تحت اپریل، مئی اور جون میں نئے افراد کو شامل کیا جاتا ہے، جولائی اور اگست میں کالج کی عمارت کا کرایہ داری معاہدہ کیا جاتا ہے، جنوری میں افتتاح اور مارچ سے نیا تعلیمی سیشن شروع کیا جاتا ہے۔ پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ اسلام آباد کیریئر کالج میں لوگوں کو نفع و نقصان کی بنیاد پر شراکت داری دی جا رہی ہے اور ادارے فطرت کے سنہری اصولوں کے مطابق اپنا لائحہ عمل طے کرتے ہیں۔ کمرشل ایریا گلزار قائد راولپنڈی، روات اور چٹھہ بختاور کیمپسز کی کارکردگی اطمینان بخش ہے، جبکہ اگلے سال بنی گالا، غوری ٹاؤن اور چاکرہ راولپنڈی میں نئے کیمپسز کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کیریئر کالج میں کلسٹر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جبکہ والدین اور کالج انتظامیہ کے درمیان رابطے کے فقدان کو جدید ایل ایم ایس سسٹم کے ذریعے دور کیا گیا ہے۔ مونٹیسوری سیکشن میں جدید اسمارٹ بورڈ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جبکہ رواں سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں سائنسی مضامین اور کمپیوٹر لیبارٹریز بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ مارکیٹ کے مقابلے میں کم فیس کے ساتھ طلبہ کو معیاری اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ اداروں کے انتظامی، نصابی اور مالیاتی امور کی نگرانی کے لیے مرکزی نظام قائم کیا گیا ہے۔ پریزنٹیشن کے موقع پر چیئرمین کیریئر گروپ آف انسٹیٹیوشنز جاوید انتظار، جنرل (ر) فرخ خان، ڈاکٹر راجہ محمد اسد، منیجر آئی سی سی اسٹریٹجک اینڈ پلاننگ ڈیویلپمنٹ محمد اعجاز بشیر، راجہ اسد اور پرنسپل آئی سی سی کمرشل ایریا گلزار قائد راولپنڈی خادم حسین سمیت دیگر افراد شریک تھے۔ تقریب کے آغاز پر طلبہ نے شرکاء کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے۔ پروفیسر محمد عامر نے کہا کہ اگلے ایک سے دو سال میں آئی سی سی گلزار قائد راولپنڈی بہتر نتائج دینے والا علاقے کا بڑا تعلیمی ادارہ بنے گا۔