وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر راولپنڈی میں خصوصی صفائی آپریشن شروع

راولپنڈی (پی پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی 24 نومبر بروز منگل راولپنڈی آمد کے سلسلے میں ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں چوکوں، بازاروں، گرین بیلٹس، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں اور مشینری متحرک کر دی گئی ہیں اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی آمد کے موقع پر شہر میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام آپریشنل ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی برقرار رکھنے کے لیے مکینیکل سویپنگ مکینیکل واشنگ، دستی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور کوڑا پوائنٹس کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ایم ڈی رانا ساجد صفدر نے ہدایت کی کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی آپریشن کی نگرانی کریں اور کسی بھی مقام پر کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں۔ صفائی عملے کی حاضری، مشینری کی دستیابی اور آپریشنل کارکردگی کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت شہر بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی کے عملے سے تعاون کریں، کیونکہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایم ڈی رانا ساجد صفدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کرنے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرے پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔

Comments (0)
Add Comment