لاہور  مینار پاکستان گراؤنڈ میں اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ اتوار کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ جلسے کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کررہی ہے۔ جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، اختر مینگل اور اویس نورانی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ساونڈ سسٹم پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی نغمے اور ترانے بجائے جا رہے ہیں، مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص ہو گا، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔جلسہ گاہ میں بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے جنریٹر پہنچادیئے گئے ہیں جب کہ روشنی کے لئے خصوصی کھمبے لگادیئے گئے ہیں جن پر لائٹیں نصب ہیں۔

Read more