پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف نیب نے انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دے دی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف ہونے والی انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دے دی۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سات ریفرنسز کی منظوری دے دی۔نیب اعلامیے کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف انویسٹی گیشن عدم شواہد پر بند کی گئی۔اجلاس میں سابق وزیر صحت بلوچستان رحمت علی کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنےکی منظوری دے دی گئی جبکہ بلوچستان کے سابق وزیر میر صادق عمرانی کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نیب اجلاس میں سابق سیکریٹری بلوچستان مقبول احمد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنےکی منظوری دی گئی اور سابق ضلعی افسر ایف سی بنوں نثار اللّٰہ خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکی منظوری بھی دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر پٹ فیڈر کینال توسیعی منصوبہ شیر زمان اور دیگر کےخلاف ریفرنس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔نیب اجلاس میں ایم این اے عاشق گوپانگ کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ سیکریٹری یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ آفتاب احمد اور دیگر افسران کے خلاف بھی انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سابق ڈی جی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی محمد سہیل کےخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ہے اور سابق قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ کے خلاف بھی انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ہے۔

نیب اجلاس میں سابق ڈی جی پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی قاضی لائق کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور میگا کرپشن مقدمات منظقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت گروہ یا فرد سے نہیں ہے، نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.