پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسلام آباد(پی پی اے) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج سے انڈونیشیا اور سنگاپور کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے.

اسلام آباد(پی پی اے) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج سے انڈونیشیا اور سنگاپور کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ مطابق ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بالی انڈونیشیا میں اپنے انڈونیشیائی ہم منصب مرسوڈی رینٹو سے دو طرفہ ملاقات کریں گے، بالی میں دو کثیرالجہتی پروگراموں میں شرکت کریں گے جن میں 15 ویں بالی ڈیموکریسی فورم اور افغان خواتین کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس شامل ہے۔بلاول بھٹو زرداری 15 ویں بالی ڈیموکریسی فورم میں جمہوری اقدار کے تئیں پاکستان کے عزم اور جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے جمہوریت کی اہمیت کو اجاگر کریں گے، وہ افغان خواتین کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس میں افغانستان میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں بشمول معاشرے کے تمام طبقات کے لیے تعلیم تک مساوی رسائی کی اہمیت سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے دوران سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کریں گے، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیر خارجہ کے انڈونیشیا اور سنگاپور کے دورے اس اعلیٰ ترجیح کے عکاس ہیں جو پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیتا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا انڈونیشیا اور سنگاپور کا دورہ دونوں ملکوں کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.