پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان میں 2021 سے 2025 کے دوران کپاس کی 14 نئی اقسام منظور، ٹیکسٹائل شعبے کو تقویت ملنے کی توقع

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان نے 2021 سے 2025 کے دوران کپاس کی 14 نئی اقسام کی منظوری دی ہے، جن میں بہتر فائبر معیار، زیادہ جننگ آؤٹ ٹرن جی او ٹی گرمی اور خشک سالی برداشت کرنے کی صلاحیت اور گلابی سنڈی کے خلاف مزاحمت جیسی نمایاں خصوصیات شامل ہیں۔ توقع ہے کہ ان نئی اقسام سے ملک کے کپاس کے بیجوں کے ذخیرے کو مضبوط بنانے اور ٹیکسٹائل ویلیو چین کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی. سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ اقسام سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سی سی آر آئی ملتان اور سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سی سی آر آئی سکرنڈ نے تیار کی ہیں۔ ان میں سے 11 اقسام سی سی آر آئی ملتان جبکہ 3 اقسام سی سی آر آئی سکرنڈ نے متعارف کرائیں دستاویزات کے مطابق نئی اقسام میں جننگ آؤٹ ٹرن جی او ٹی 38.2 سے 42.3 فیصد، فائبر کی لمبائی 29.6 ملی میٹر تک اور فائبر کی مضبوطی 33.5 تک ریکارڈ کی گئی ان اقسام میں مائیکرونائر کی سطح بھی 3.5 سے 4.9 کے مثالی معیار کے اندر رہی جو معیاری دھاگہ اور کپڑا تیار کرنے کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے اعدادوشمار کے مطابق سی آئی ایم-775 نے 42.3 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ جننگ آؤٹ ٹرن ریکارڈ کیا جبکہ سائٹو-226 نے 29.6 ملی میٹر کے ساتھ سب سے زیادہ فائبر لمبائی حاصل کی اسی طرح سی آئی ایم-343 نے 33.5 کے ساتھ فائبر کی مضبوطی کا بلند ترین معیار ریکارڈ کیا اور اسے خشک سالی برداشت کرنے والی اور گلابی سنڈی کے خلاف مزاحم قسم قرار دیا گیا دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بی ٹی سی آئی ایم-663 بی ٹی سی آئی ایم-678 اور بی ٹی سی آئی ایم-785 جیسی اقسام کو گرمی برداشت کرنے زیادہ پیداوار دینے اور بعض صورتوں میں گلابی سنڈی کے خلاف مزاحمت جیسی خصوصیات کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جبکہ بی ٹی سائٹو-535 اور سائٹو-537 بہتر فائبر معیار، زیادہ پیداوار اور اعلیٰ جننگ آؤٹ ٹرن کی حامل اقسام ہیں. رپورٹ کے مطابق سندھ میں سی سی آر آئی سکرنڈ کی تیار کردہ بی ٹی کریس-682، بی ٹی کریس-674 اور کریس-644 نے بھی قومی کپاس پروگرام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان اقسام میں بہتر فائبر معیار، مناسب جننگ آؤٹ ٹرن اور زیادہ پیداوار کی صلاحیت موجود ہے جبکہ کریس-644 کو نان بی ٹی اور زیادہ پیداوار دینے والی قسم قرار دیا گیا ہے دستاویزات کے مطابق نئی اقسام کی تیاری میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت کیڑوں سے تحفظ، بہتر فائبر معیار اور ٹیکسٹائل صنعت کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے، جس سے ملکی کپاس کی پیداوار اور برآمدی صلاحیت میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.