پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

افغانستان میں بچوں کی غذائی قلت خطرناک حد تک بڑھ گئی فنڈز کی شدید کمی سے امدادی سرگرمیاں متاثر، لاکھوں بچے اور خواتین غذائی بحران کا شکار

کابل (اے پی پی اے) اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام ڈبلیو ایف پی نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کے ایک تہائی صوبوں میں بچوں میں غذائی قلت تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مالی وسائل کی شدید کمی کے باعث خوراک کی فراہمی اور امدادی سرگرمیوں میں کٹوتیوں سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے اردو نیوز کے مطابق افغانستان میں ڈبلیو ایف پی کے کنٹری ڈائریکٹر جان ایلیف نے کہا کہ بچوں کی بڑھتی ہوئی اموات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ موجودہ بحران معصوم جانوں کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بہت سے بچوں کے لیے اب بہت دیر ہو چکی ہے اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امداد (اوچا) کی ترجمان اولگا چیریوکو نے بتایا کہ غذائیت کے ماہرین کے مطابق رواں سال افغانستان کے تین چوتھائی سے زائد علاقوں میں بچوں میں شدید غذائی قلت میں مزید اضافہ ہوا ہے ایسے بچے انتہائی کمزور اور اپنی عمر و قد کے لحاظ سے غیر معمولی طور پر دبلے ہوتے ہیں اور انہیں فوری خصوصی غذائی علاج کی ضرورت ہوتی ہے انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں صحافیوں کو بتایا کہ بڑی تعداد میں بچے انتہائی تشویشناک حالت میں صحت مراکز پہنچ رہے ہیں جبکہ کئی بچے علاج تک پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار جاتے ہیں ڈبلیو ایف پی کے مطابق امدادی فنڈز میں کمی کے باعث 2025 کے دوران 142 صحت مراکز بند ہو چکے ہیں جس سے 13 ہزار سے زائد بچے غذائی علاج کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں ادارے کے اندازے کے مطابق رواں سال افغانستان میں 37 لاکھ بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہوں گے جبکہ 12 لاکھ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین بھی اس بحران سے متاثر ہوں گی ڈبلیو ایف پی نے بتایا کہ افغانستان کے 12 صوبے بچوں میں شدید غذائی قلت کی تشویشناک سطح تک پہنچ چکے ہیں جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے رپورٹ کے مطابق اس بحران کی بڑی وجوہات میں طویل جنگ بے روزگاری خوراک کی بڑھتی قیمتیں، بیماریوں کا پھیلاؤ صاف پانی اور صفائی کی ناقص سہولیات اور انسانی امداد کے لیے فنڈنگ میں مسلسل کمی شامل ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.