سول ایوارڈز میرٹ، شفافیت اور انصاف پر دیے جائیں گے، احسن اقبال قومی ہیروز کی خدمات کا اعتراف نئی نسل کیلئے حوصلہ اور تحریک بنتا ہے، وفاقی وزیر
اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوارڈز کمیٹی نے آئین پاکستان اور مقررہ اصولوں کے مطابق سائنس، تعلیم ادب۔فن اور عوامی خدمت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی نامزدگیوں کا حتمی جائزہ لیا ہے پاکستان سول ایوارڈز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح خالص میرٹ کی بنیاد پر ان قومی ہیروز کو اعزازات سے نوازنا ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں محنت اور خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ جب قوم اپنے حقیقی معماروں اور محسنوں کو عزت و احترام دیتی ہے تو یہی اعتراف آنے والی نسلوں کے لیے تحریک حوصلہ اور وطن کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بنتا ہے پروفیسر احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ایوارڈز کا عمل مکمل شفافیت انصاف اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی خدمت انجام دینے والی ممتاز شخصیات کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے