ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے سعودی عرب پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے میں مصر کی شمولیت کا امکان ظاہر کردیا
انقرہ (پی پی اے) ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ مصر آئندہ مرحلے میں سعودی عرب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہو جائے گا. ترک وزیر خارجہ نے ترک خبر رساں ادارے اناطولیہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ مصر تمام امور میں ترکیہ کا ایک قدرتی حلیف ہے اور ان کا ماننا ہے کہ آنے والے مرحلے میں مصر بھی اس اتحاد کا حصہ بن جائے گا خاقان فیدان نے کہا کہ مصر کی شمولیت کے حوالے سے بعض تکنیکی امور موجود ہیں، تاہم جیسے ہی یہ مسائل حل ہوں گے مصر کے اس اتحاد میں شامل ہونے کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہے گی انہوں نے واضح کیا کہ صدر رجب طیب اردوان کے وژن کے مطابق یہ اتحاد صرف تین ممالک تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے مزید وسعت دی جانی چاہیے. ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اس دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے مزید ممالک کو بھی اس چھتری کے نیچے شامل کیا جانا چاہیے