پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سی پیک 2.0: پاکستان اور چین کا صنعتی و کاروباری تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی و کاروباری تعاون کے فروغ پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اعلیٰ سطحی چینی وفد نے سی پیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی وزارت منصوبہ بندی کے سی پیک سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت بڑھانے صنعتی و زرعی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کاروبار سے کاروبار شراکت داری وسعت دینے اور ٹیکنالوجی و جدت کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر تفصیلی مشاورت کی گئی چینی وفد کی قیادت اقتصادی امور کے سینئر مشیر سن ڈونگ شینگ نے کی وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے چینی وفد کو پاکستان کے قومی اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے اڑان پاکستان سے آگاہ کرتے ہوئے صنعتی انقلاب 4.0 اور 5.0 کے لیے جدت خودکاری اور روبوٹکس کے شعبوں میں چینی تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے نیشنل سینٹر آف نیو مینوفیکچرنگ کے چینی ہم منصب اداروں کے ساتھ فعال تعاون کی تجویز بھی پیش کی انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا معاشی چیلنج برآمدات کی کمزور بنیاد ہے جس کے باعث اقتصادی ترقی کے کئی مراحل پائیدار رفتار حاصل کرنے سے قبل ہی رک جاتے ہیں حکومت کی اولین ترجیح پیداواری شعبوں کو برآمدات کے مؤثر انجن میں تبدیل کرنا ہے احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں چین نے پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دی اب توقع ہے کہ سی پیک 2.0 پاکستان کو برآمدات کے خسارے پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان سے چین کو برآمدات بڑھانے کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین سالانہ تقریباً 2.6 کھرب ڈالر کی درآمدات کرتا ہے تاہم اس میں پاکستان کا حصہ تقریباً 3 ارب ڈالر ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک 2.0 کا محور کاروبار سے کاروبار تعاون ہے۔ حالیہ عرصے میں پاکستان اور چین کے کاروباری اداروں کے درمیان صنعتی زرعی اور معدنی شعبوں میں علاقائی سطح پر معاہدے ہوئے ہیں وسیع تر کاروباری شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے اس موقع پر سن ڈونگ شینگ نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک چین دوستی کی اہمیت کا اعادہ کیا انہوں نے سی پیک کے پہلے مرحلے کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے صنعت و زراعت میں تعاون مزید گہرا کرنے پیداواری صلاحیت بڑھانے چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی اداروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور کاروباری اداروں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے فروغ پر زور دیا مشاورت کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سی پیک 2.0 بنیادی ڈھانچے سے صنعتی ترقی رابطہ کاری سے مسابقت سرمایہ کاری سے پیداواری صلاحیت اور حکومتی تعاون سے کاروبار سے کاروبار کی شراکت داری کی جانب اہم پیش رفت ہے فریقین نے سی پیک 2.0 کے پانچ کوریڈورز اور اڑان پاکستان کے پانچ ایز فریم ورک کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا اس ضمن میں کاروباری روابط ٹیکنالوجی و جدت روزگار و ہنرمندی برآمدات سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا چینی وفد کو سی پیک کے پہلے مرحلے کی پیش رفت اور اہم کامیابیوں جبکہ سی پیک 2.0 کی ترجیحات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں صنعتی تعاون زراعت سائنس و ٹیکنالوجی اطلاعاتی ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات گوادر کی ترقی اور کاروبار سے کاروبار تعاون سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا دونوں جانب سے پالیسی رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے، عملدرآمد کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے اور عملی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا فریقین نے سی پیک 2.0 کو اعلیٰ معیار کی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کا اہم محرک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.