انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، دو افراد ہلاک فلوریس کے قریب شدید زلزلہ، سونامی وارننگ جاری، بعد ازاں ختم، آفٹر شاکس کا خدشہ
جکارتہ ( پی پی اے) انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس کے قریب ہفتے کی صبح 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے۔ حکام نے مزید آفٹر شاکس کے امکان کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شنہوا کے مطابق انڈونیشیا کی موسمیات، آب و ہوا اور جیو فزکس ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا تنگارا صوبے میں مبے سے 36 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے فوراً بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد اسے ختم کر دیا گیا . نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ ریسکیو ٹیمیں فلوریس جزیرے کے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور متاثرہ عمارتوں میں واپس نہ جانے کی ہدایت کی ہے