پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز، الیکشن کمیشن نے مشاورتی کمیٹی طلب کرلی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر مشاورت پنجاب کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس 20 اگست کو طلب

اسلام آباد (پی پی اے): پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے عملی اقدامات تیز کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو اہم مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں صوبائی کابینہ کی مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے 10 اگست 2026 کو جاری مراسلے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے حوالے سے مشاورت کے لیے صوبائی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں شرکت کرے گی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(3)، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی دفعہ 59 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز 2026 کے رول 5(1) کے تحت کیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ مشاورتی اجلاس سے قبل صوبائی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے کر اس کے ارکان نامزد کیے جائیں تاکہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے باضابطہ مشاورت مکمل کی جاسکے۔ مراسلے کے مطابق الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں 20 اگست 2026 کو صبح 11 بجے مشاورتی اجلاس ہوگا، جس میں صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی شرکت کرے گی۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پیش رفت تیز ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور آئندہ ہفتوں میں انتخابی شیڈول سے متعلق اہم اعلان متوقع ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے زیر بحث رہا ہے، تاہم باضابطہ مشاورتی عمل شروع ہونے سے انتخابات کے انعقاد کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.