پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

جدہ میں ہزارے وال کمیونٹی کی شاندار جشن آزادی تقریب منعقد ہوئی

جدہ (محمد اکرم اسد) ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم اور تناول ہزارہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں جدہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزارہ سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات سمیت کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب میں جہاں جشنِ آزادی کی خوشیاں منائی گئیں، وہیں حکومتِ پاکستان سے صوبہ ہزارہ کے قیام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تقریب کے مہمانانِ خصوصی ہزارہ کی ممتاز کاروباری شخصیات اکرم تنولی اور عارف خان تنولی تھے انہوں نے اپنے خطاب میں دیارِ غیر میں مقیم ہزارے والوں کے اتحاد و اتفاق کو سراہتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ اوورسیز ہزارے وال اپنے وطن اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیشہ کردار ادا کرتے رہے ہیں اور صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد میں فورم کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا تقریب سے چوہدری دلپذیر علی وارث خان چوہدری نورالحسن گجر محمد اعظم اعوان یاسر اعوان عتیق تنولی فنانس سیکریٹری امتیاز قریشی جنرل سیکریٹری محمد اقبال عدیل اعوان سیکریٹری اطلاعات عاطف خان تنولی سردار رفیق محسن تنولی ارشد تنولی عرف ماما اور مصطفیٰ تنولی سمیت دیگر مقررین اور عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک مرتبہ پھر زور پکڑ رہی ہے لہٰذا حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ صوبہ ہزارہ کے دیرینہ مطالبے کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ خالصتاً انتظامی بنیادوں پر الگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر انتظامی سہولیات ترقی کے مساوی مواقع اور مسائل کے فوری حل کی راہ ہموار ہو سکے مقررین کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد میں ہزارہ کے عوام نے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ہزارہ سے منتخب تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں اور پارلیمان سمیت ہر متعلقہ فورم پر متحد ہو کر آواز بلند کریں مقررین نے ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم اور تناول ہزارہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو متحد رکھنے قومی تقریبات کے انعقاد اور ہزارہ کے اجتماعی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا تقریب کے دوران معروف گلوکار علی مہندی نے قومی و ملی نغمے پیش کیے، جنہوں نے شرکاء کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا۔ ملی نغموں پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے تقریب میں جشنِ آزادی کا سماں پیدا ہوگیا. تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی، فورم اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر شرکاء نے مشترکہ طور پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی استحکام خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.