چین اور پاکستان کے تعلیمی اداروں میں باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا
بیجنگ (۔پی پی اے) چین کے صوبہ جیانگ سو کے جیانگ یِن تیانہوا آرٹ اسکول اور اسلام آباد میں قائم چائنہ پاکستان ایجوکیشنل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان سسٹر اسکول معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ معاہدے پر حال ہی میں جیانگ یِن میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے گئے۔ یہ تقریب ’’2026 اوورسیز چائنیز اسکول لیڈرز جیانگ سو ٹور‘‘ کے موقع پر ہوئی، جو 25 سے 31 جولائی تک جاری رہا۔ دورے میں 22 ممالک سے 29 اوورسیز چائنیز اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی اور نانجنگ، جیانگ یِن اور چانگ ژو میں تعلیمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ معاہدے کا مقصد چینی اور پاکستانی اساتذہ و طلبہ کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ادارے بین الاقوامی تفہیم سے متعلق تعلیمی سیمینارز، پیشہ ورانہ تربیتی سرگرمیوں، تعلیمی وسائل کے تبادلے اور تعلیمی شعبے میں بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کریں گے۔ اس شراکت داری کے تحت طلبہ کو ای میل اور ویڈیو رابطوں کے ذریعے مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ زبان کی مہارت اور ثقافتی آگاہی بہتر بنائی جاسکے۔ دونوں ادارے طلبہ کے مطالعاتی مقابلوں اور مختلف سرگرمیوں کا مشترکہ انعقاد بھی کرسکیں گے، جس سے ان کے علمی افق اور مختلف لاحیتوں کو وسعت ملے گی