پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

دہشت گردی کے متاثرین کے حقوق و وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد ( پی پی اے): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دہشت گردی کے تمام متاثرین اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے حقوق اور وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ کی قربانیوں اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو انصاف اور قانونی معاونت کی فراہمی ضروری ہے جبکہ متاثرہ افراد کو انصاف تک بروقت رسائی دینا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور متاثرین کی قربانیاں قومی یادداشت کا مستقل حصہ ہیں اور پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ قانون کی حکمرانی اور انصاف پُرامن اور محفوظ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ متاثرین کے لیے انصاف، تحفظ، قانونی معاونت اور بحالی کا مؤثر نظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے متاثرین کی مدد اور بحالی قومی و ریاستی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان امن، انصاف، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے عزم پر قائم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.