آڈرے ویرو 800 میٹر کا 43 سالہ عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب، زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں شاندار فتح
زیورخ ( پی پی اے) یورپین چیمپئن آڈرے ویرو ایتھلیٹکس کا سب سے پرانا آؤٹ ڈور عالمی ریکارڈ توڑنے کے انتہائی قریب پہنچ گئیں۔ انہوں نے زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں خواتین کی 800 میٹر دوڑ ایک منٹ 53.70 سیکنڈز میں مکمل کرکے فتح حاصل کی سوئٹزرلینڈ کی 22 سالہ آڈرے ویرو جمیلا کراٹوچویلووا کا 43 سال پرانا ایک منٹ 53.28 سیکنڈز کا عالمی ریکارڈ توڑنے سے صرف چار دسویں سیکنڈز کے فاصلے پر رہیں۔ انہوں نے 25 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں تاریخ کا تیسرا تیز ترین وقت ریکارڈ کراتے ہوئے اپنا ذاتی ریکارڈ مزید بہتر بنایا نیدرلینڈز کی فیمکے بول نے ایک منٹ 54.71 سیکنڈز کے نئے قومی ریکارڈ کے ساتھ دوسری جبکہ برطانیہ کی جارجیا ہنٹر بل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ زیورخ ڈائمنڈ لیگ میں دو نئے عالمی ریکارڈز بھی قائم ہوئے۔ برازیل کے ایلیسن ڈوس سانتوس نے 400 میٹر ہرڈلز میں کارسٹن وارہوم کا 2021 کا ریکارڈ توڑ کر 45.80 سیکنڈز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جبکہ وارہوم دوسرے نمبر پر رہے۔ بعد ازاں امریکی اولمپک چیمپئن مسائی رسل نے خواتین کی 100 میٹر ہرڈلز میں ٹوبی اموسان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 12.09 سیکنڈز کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ دیگر مقابلوں میں خواتین کی 100 میٹر دوڑ میں اولمپک چیمپئن جولین الفریڈ نے ملیسا جیفرسن ووڈن کو 10.70 سیکنڈز میں شکست دی۔ مردوں کی 800 میٹر دوڑ میں کینیا کے ایمانوئیل وانیونی نے ایک منٹ 41.76 سیکنڈز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سویڈن کے آرمینڈ ڈوپلانٹس پول والٹ میں 6.32 میٹر کا اپنا عالمی ریکارڈ بہتر کرنے کی تینوں کوششوں میں ناکام رہے۔ 1500 میٹر دوڑ میں امریکی اولمپک چیمپئن کول ہاکر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جیکب انگیبرگٹسن پانچویں نمبر پر رہے۔