لاہور: سرکاری محکموں کی دھواں چھوڑنے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ
لاہور (پی پی اے) پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں کی دھواں چھوڑنے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں آلودگی اور چاول کی فصل کی کٹائی سے پہلے 10 ہزار سوپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کیے جانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سرکاری محکموں کی دھواں چھوڑنے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیاں بند کرنے، فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والے کارخانوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید برآں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کچرا جلانے اور آلودگی پھیلانے والوں کی مانیٹرنگ اور باربی کیو، فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورینٹ سیل کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔