پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیہ
لندن (پی پی اے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ عشائیے کی میزبانی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور آنے والے میچز میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران کھلاڑیوں اور شرکا کے درمیان ملاقاتوں اور یادگاری تصاویر کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پوری قوم کی نظریں قومی ٹیم پر ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ تقریب میں میئر لندن صادق خان نے بھی شرکت کی اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان ہاؤس لندن میں عشائیے کا اہتمام قومی ٹیم کے دورۂ انگلینڈ اور ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی کھلاڑیوں نے میزبانوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور یادگاری تصاویر بنوائیں