پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ایوان اوقاف لاہور میں منعقدہ ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہے

لاہور(پی پی اے)سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ایوان اوقاف لاہور میں منعقدہ ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل اور ہمارے ایمان کی اساس ہے 7 ستمبر ہماری دینی ملی اور قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر مرزائیوں اور قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا۔ یہ فیصلہ اسلامیانِ پاکستان کے دیرینہ دینی جذبات اور عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ نہ صرف ہمارے دینی تشخص کی بنیاد ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملی یکجہتی اور اجتماعی استحکام کا بھی اہم سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ کی ختمِ نبوت پر غیر متزلزل یقین ہر مسلمان کے ایمان کا ناگزیر حصہ ہے۔سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس سے والہانہ عقیدت و محبت کے اظہار، آپ ﷺ کی عظمت و رفعت کو اجاگر کرنے اور سیرتِ طیبہ و تعلیماتِ نبوی ﷺ کو عام کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نئی نسل کو حضور نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ، اسوہ حسنہ اور تعلیمات سے روشناس کرانا اور عالمی سطح پر یہ واضح کرنا بھی ہے کہ مسلمان اپنے محبوب نبی ﷺ سے کس قدر گہری، غیر متزلزل اور قلبی وابستگی رکھتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خطیب داتاؒ دربار مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ محبتِ رسول ﷺ مسلمانوں کے ایمان کی روح، زندگی کا سرمایہ اور دینی شناخت کا بنیادی حوالہ ہے۔ علامہ مفتی محمد عمران حنفی نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائے اور آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو عملی طور پر اختیار کرے۔مولانا اعجاز سلیم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی رسالتِ مبارکہ پر کامل ایمان، آپ ﷺ سے بے پایاں محبت اور آپ ﷺ کی اطاعت و اتباع ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی تقاضا ہے۔کانفرن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سجاد حسین جوادی نے کہا کہ حیاتِ انسانی کا کوئی گوشہ ایسا نہیں جس کے پاکیزہ خدّوخال آنحضرت ﷺ کی زندگی میں میسر نہ ہوں۔کانفرنس میں ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، خطیب داتاؒ دربار مولانا مختار احمد ندیم، ضلعی خطباء اوقاف مولانا اعجاز سلیم، علامہ مفتی محمد عمران حنفی، علامہ سجاد حسین جوادی و دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر خطیب داتاؒ دربار نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن سلامتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.