ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت
اسلام آباد۔ (پی پی اے)۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے عوامی خدمت، شہریوں کے مسائل کے فوری حل، باہمی تنازعات کے مصالحتی انداز میں حل اور شجرکاری کے فروغ کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی نے شہریوں کی شکایات غور سے سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ شہری بلاجھجھک اور بغیر کسی سفارش کے کھلی کچہری میں اپنے مسائل اور شکایات پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا قانون کے مطابق بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد نے مصالحتی کمیٹی کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین مصالحتی کمیٹی طیب ملک اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مصالحتی کمیٹی اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کے باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم، مذاکرات اور باہمی رضامندی کے ذریعے پرامن اور مؤثر انداز میں حل کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے شہریوں کو بروقت انصاف اور سہولت کی فراہمی کے لیے مصالحتی طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثنا، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درخت آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں، جبکہ سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے لیے شجرکاری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں، پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور لگائے گئے پودوں کی مناسب نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں