پاکستان فیفا آسیان کپ چیلنج کے لیے تیار، تھائی لینڈ سے مقابلہ ہفتہ کو ہوگا
(پی پی اے) پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم نے فیفا آسیان کپ کے افتتاحی میچ کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں جہاں شاہینز کا سامنا ہفتہ کو تھائی لینڈ سے ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا. پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے کہا کہ ٹیم اس موقع کو تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتیں آزمانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے تاہم مقابلہ سخت ہوگا نولبرٹو سولانو نے کہا کہ تمام حریف مضبوط اور بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، ایشیائی فٹبال مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔ قومی ٹیم بتدریج ترقی کر رہی ہے اور وہ مرحلہ وار آگے بڑھتے ہوئے خود کو ایک قومی ٹیم کے طور پر ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان نے رواں سال جون میں مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتا تھا، جو 74 سال بعد پاکستان کا کسی الگ فٹبال ٹورنامنٹ میں پہلا ٹائٹل تھا، تاہم فیفا آسیان کپ میں اسے نسبتاً سخت امتحان کا سامنا ہوگا۔ قومی ٹیم کے کپتان عبداللہ اقبال نے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ سطح کی ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنے کا بہترین موقع ہے اور وہ اپنی بھرپور کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔