ایوی ایشن کی دنیا سے منفرد خبر، کینیا سے خصوصی پرواز میں 50 گائیں لاگوس پہنچ گئیں
کینیا کی قومی ایئر لائن کینیا ایئر ویز کے کارگو ڈویژن نے ایک غیرمعمولی اور منفرد فضائی آپریشن کے تحت اعلیٰ نسل کی دودھ دینے والی 50 سے زائد گائیں خصوصی پرواز کے ذریعے کینیا سے نائیجیریا پہنچائی۔ ایئر لائن نے اس پرواز کو مزاحیہ انداز میں وی آئی کیٹل مویشی کا نام دیا، جو نائیجیریا کے شہر لاگوس روانہ کی گئی۔ پچاس گایوں کو خصوصی پرواز میں کینیا کے الدورت ایئر پورٹ سے بڑے آہنی جنگلوں میں ڈال کے آن بورڈ کیا گیا۔ چارٹرڈ پرواز ان خاص مویشیوں کو لے کر نائیجیریا کے دارالحکومت لاگوس پہنچی۔ یہ ایک عام کارگو پرواز نہیں تھی بلکہ ایک گاہک نے خاص طور پر ان مویشیوں کی نقل و حمل کیلئے پورا کارگو طیارہ چارٹر کیا تھا۔ کینیا ایئر ویز کارگو نے سوشل میڈیا پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا:”ٹریفک کو راستہ دیں! ہمارے وی آئی پی مویشی ہری بھری چراگاہوں کی تلاش میں آسمان کا سفر کر رہے ہیں۔” ایئرلائن نے اپنے عملے اور کلائنٹ کا شکریہ ادا کیا جس نے جانوروں کی محفوظ منتقلی کیلئے ان کی خصوصی لائیو اینمل ٹرانسپورٹیشن سروس پر بھروسہ کیا۔ یہ گائیں کینیا کے کاؤنٹی اواسن گیشو کے چھوٹے فارمز سے حاصل کی گئی تھیں جو بہترین نسل کے مویشیوں کیلئے مشہور ہے۔ بھیجی جانے والی گایوں میں ‘آئیرشائر ہائفرز’ شامل تھیں جو کہ پہلے سے حاملہ تھیں اور مشرقی افریقہ کی بہترین جینیات کی حامل مانی جاتی ہیں۔ ان گایوں کو نائیجیریا بھیجنے کا بنیادی مقصد وہاں دودھ کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنا اور مقامی فارمرز کی مدد کرنا ہے۔