سلطان اذلان شاہ کپ، پاکستان نے کینیڈا کو پانچ ایک گول سے ہرا دیا
سفیان خان کی شاندار ہیٹرک، محمد عماد اور حنان شاہد نے بھی ایک ایک گول اسکور کیا
ایپوہ (پی پی اے) 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ 2026 کے راؤنڈ رابن میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کو 1-5 گول سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے شاندار ہیٹرک اسکور کی جبکہ محمد عماد اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کرکے قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا میچ کا آغاز تیز رفتار رہا اور پاکستان نے ابتدا ہی سے کینیڈا کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول 18ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ 37ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری 0-2 کردی کینیڈا کی جانب سے واحد گول 45ویں منٹ میں کرن رابنسن نے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کیا. پاکستانی کھلاڑیوں نے تیسرے کوارٹر کے اختتام اور چوتھے کوارٹر میں بھی جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا۔ 48ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول اسکور کیا جبکہ 52ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری 1-4 کردی صرف ایک منٹ بعد، 53ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ہیٹرک مکمل کی اور پاکستان کی فتح 1-5 سے یقینی بنا دی۔پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے 18ویں 48ویں اور 53ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر تین گول اسکور کیے جبکہ محمد عماد نے 37ویں اور حنان شاہد نے 52ویں منٹ میں فیلڈ گول کیا۔ کینیڈا کی جانب سے واحد گول کرن رابنسن نے کیا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز میں بھی اسی تسلسل، جذبے اور محنت کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرے گی