پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی تاریخیں تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی تاریخوں میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پی او اے کے مطابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں دونوں بڑے ایونٹس میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کے لیے ساؤتھ ایشین گیمز کو دوبارہ شیڈول کیا جا رہا ہے پی او اے کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ باضابطہ ای میل میں بتایا گیا ہے کہ اولمپک کونسل آف ایشیا اور سعودی اولمپک اینڈ پیرالمپک کمیٹی نے ریاض میں منعقد ہونے والے چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخیں تبدیل کر دی ہیں۔ یہ ایونٹ اب 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک منعقد ہوگا. ای میل کے مطابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اور انہیں دونوں ایونٹس میں شرکت کے قابل بنانے کے لیے ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن اور متعلقہ ادارے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کو کم سے کم تاخیر کے ساتھ دوبارہ شیڈول کرنے پر کام کر رہے ہیں پی او اے نے واضح کیا ہے کہ نظرثانی شدہ تاریخوں سے تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول میڈیا کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا گیمز کی تیاریاں منصوبے کے مطابق جاری ہیں جبکہ این او سی پاکستان، آرگنائزنگ کمیٹی اور حکومت پاکستان باہمی رابطے کے ساتھ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے کام کر رہے ہیں. یہ باضابطہ اعلامیہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے. واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ 3 اپریل 2027 سے شروع ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی مرتبہ ملتوی کر دیے گئے ہیں اور اب نومبر 2027 میں انعقاد کا امکان ہے تاہم پی او اے کے تازہ باضابطہ بیان میں نومبر کی تاریخوں کی تصدیق نہیں کی گئی بلکہ نئی تاریخوں کا اعلان جلد کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.