شہباز سینئر کو ہاکی ورلڈ کپ میں خصوصی دعوت ایف آئی ایچ نے پاکستانی ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر کو ورلڈ کپ 2026 کا خصوصی مہمان مقرر کر دیا
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی کے لیے ایک بڑے اعزاز کی خبر سامنے آئی ہے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم ہاکی لیجنڈ شہباز سینئر کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ایف آئی ایچ نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کر لیا ہے ایف آئی ایچ کی جانب سے شہباز سینئر کو باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے جس میں انہیں ہاکی کے عالمی لیجنڈز کی نمائندہ شخصیات میں شامل کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی خصوصی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے وہ ایونٹ کے دوران پاکستان ہاکی کے عظیم سفیر کے طور پر مختلف رسمی اور خصوصی پروگراموں میں شریک ہوں گے ہاکی ورلڈ کپ 2026، 15 سے 30 اگست تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا جہاں دنیا بھر سے ہاکی کے نامور سابق کھلاڑیوں اور لیجنڈز کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے واضح رہے کہ شہباز سینئر نے 1994 میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے قومی ٹیم کو ہاکی ورلڈ کپ کا تاریخی ٹائٹل جتوایا تھا ان کی شاندار خدمات غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ایف آئی ایچ کی جانب سے دیا جانے والا یہ اعزاز نہ صرف شہباز سینئر بلکہ پاکستان ہاکی کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے