میر نادر خان مگسی نے گیارہویں تھل جیپ ریلی کا میدان مار لیا
سٹاک کیٹیگری میں مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 11 منٹ 53 سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی
کوٹ ادو (پی پی اے) گیارہویں تھل جیپ ریلی صحرائے تھل میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی جس میں ملک بھر سے نامور جیپ ریسرز نے شرکت کی اور دشوار گزار ریتیلے ٹریک پر اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیااسٹاک کیٹیگری کے مقابلوں میں معروف جیپ ریسر میر نادر خان مگسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی
میر نادر خان مگسی نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 11 منٹ اور 53 سیکنڈ میں طے کرکے کامیابی اپنے نام کی ریلی کے دوران صحرائے تھل کے بلند ریتیلے ٹیلوں اور دشوار گزار راستوں پر ڈرائیورز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیاجبکہ تیز رفتار جیپوں اور اڑتی ریت نے شائقین کی توجہ حاصل کیے رکھی ریلی دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین نے صحرائے تھل کے مختلف مقامات پر ڈیرے ڈال رکھے تھے اور مقابلوں سے بھرپور لطف اندوز ہوئے دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے بھی ڈرائیورز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا منتظمین کے مطابق تھل جیپ ریلی کے انعقاد کا بنیادی مقصد جنوبی پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینا مقامی ثقافت کو اجاگر کرنا اور نوجوانوں کو مثبت کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تقریب کے اختتام پر کامیاب ڈرائیورز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر میر نادر خان مگسی نے اپنی کامیابی کو ٹیم کی محنت اور اہلِ علاقہ کی بھرپور حمایت کا نتیجہ قرار دیا