واپڈا نے نیشنل سینئر جو جِٹسو چیمپئن شپ کا اوورآل ٹائٹل جیت لیا
پاکستان نیوی دوسری اور سندھ تیسرے نمبر پر، واپڈا نے 47 تمغے حاصل کر کے میدان مار لیا
لاہور (پی پی اے) 16ویں نیشنل سینئر جو جِٹسو چیمپئن شپ 2026 واپڈا اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی جس میں پاکستان واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوورآل چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا پاکستان نیوی نے دوسری جبکہ سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان جو جِٹسو فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مختلف محکموں صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی اور مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا نے مجموعی طور پر 27 گولڈ، 15 سلور اور 5 برانز میڈلز حاصل کیے اس طرح واپڈا کے تمغوں کی مجموعی تعداد 47 رہی اور ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی پاکستان نیوی نے 11 گولڈ، 14 سلور اور 9 برانز میڈلز سمیت مجموعی طور پر 34 تمغے حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سندھ کی ٹیم 9 گولڈ 6 سلور اور 18 برانز میڈلز کے ساتھ 33 تمغے حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات اسپورٹس کمیونٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں کردار ادا کرنے والے منتظمین کوچز ٹیکنیکل آفیشلز اور کھلاڑیوں کی خدمات کو سراہا گیا تقریب کے دوران پاکستان میں جو جِٹسو کے فروغ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور قومی سطح پر کھیل کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان جو جِٹسو فیڈریشن کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا واضح رہے کہ پہلی نیشنل یوتھ اور 16ویں نیشنل سینئر جو جِٹسو چیمپئن شپ کے بیک وقت انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ایونٹ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور کامیاب ٹیموں میں میڈلز، ٹرافیاں اور ایوارڈز تقسیم کیے گئے