پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

دو دہائیوں کے بعد بین الاقوامی ہاکی کی شاندار واپسی پاکستان نے کوریا کو 3-1 سے ہرا دیا پاکستان کا فاتحانہ آغاز، جنوبی کوریا کو شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں تقریباً دو دہائیوں کے بعد بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کا آغاز شاندار انداز میں ہوا جہاں نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی قومی ٹیم نے میچ کے آغاز سے اختتام تک کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا منظم حملوں عمدہ پاسنگ جارحانہ حکمت عملی اور مضبوط دفاع کے باعث جنوبی کوریا زیادہ تر وقت اپنی ہی نصف پچ تک محدود رہا اور اوپن پلے میں خاطر خواہ مواقع پیدا نہ کر سکا پاکستان نے گیند پر زیادہ وقت اپنا قبضہ برقرار رکھا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے حریف ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا. پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے برتری حاصل کرلی 21ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر شاندار گول کر کے پاکستان کو 1-0 کی سبقت دلائی کوریا کے جی ہن یانگ نے 29ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، لیکن ہاف ٹائم سے قبل 30ویں منٹ میں قومی ٹیم کے کپتان محمود ابوبکر نے خوبصورت فیلڈ گول اسکور کر کے پاکستان کو دوبارہ برتری دلا دی تیسرے کوارٹر کے 38ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے ایک اور پینلٹی کارنر کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول اسکور کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا پاکستان نے اپنے تین گولوں میں ایک فیلڈ گول اور دو پینلٹی کارنرز پر اسکور کیے جبکہ جنوبی کوریا کا واحد گول بھی پینلٹی کارنر پر آیا. آخری کوارٹر میں پاکستانی دفاع نے انتہائی منظم کھیل پیش کیا اور کورین حملہ آوروں کو کوئی واضح موقع فراہم نہ کرتے ہوئے 3-1 کی یادگار فتح اپنے نام کرلی.میچ کے مہمانِ خصوصی وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی تھے جبکہ پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون بھی اس موقع پر موجود تھے اس تاریخی مقابلے کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی رہی کہ پاکستان میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی میچ کی تفصیلات پہلی مرتبہ ایف آئی ایچ کے ٹورنامنٹ مینجمنٹ سسٹم (TMS) پر شائع کی گئیں جو عالمی ہاکی میں پاکستان کی فعال واپسی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے میچ میں ایمپائرنگ کے فرائض ہارون رشید اور یاسر خورشید نے انجام دیے جبکہ محمد جاوید ٹیکنیکل آفیسر رہے وقاص احمد اور مرزا جاوید نے ججوں کے فرائض سرانجام دیے اس موقع پر ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ شفیق بھٹی ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی میڈیا کوآرڈینیٹر محمد وقاص شیخ پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالناصر اخونزادہ چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے. پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج یکم اگست تیسرا 4 اگست جبکہ چوتھا اور آخری میچ 7 اگست 2026 کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا تمام میچز شام 5:15 پر شروع ہوں گے اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے پاکستان کی اس شاندار فتح کو شائقینِ ہاکی اور کھیلوں کے حلقوں نے قومی ہاکی کے احیا اور پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی کامیاب واپسی کے لیے ایک نہایت حوصلہ افزا اور خوش آئند آغاز قرار دیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.