سردار ابراہیم خان ریاست جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے رہنماء تھے،سرار یعقوب خان سیاسی قیادت موجودہ حالات کی ذمہ داری قبول، کشیدگی ختم کرانے میں کردار ادا کرےمقررین
اسلام آباد(پی پی اے)سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان صرف آزاد کشمیر کےہی نہیں بلکہ پوری ریاست جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے رہنماء تھے، غازی ملت کا مشن ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل سے متعلق تھا، اس مشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، ان کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت آج آزاد کشمیر موجود ہے اور آنے والی نسلوں کو ان کی خدمات اور نظریات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے،غازی ملت کے نظرئیے کو آگے بڑھانا ضروری ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویںبرسی کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،برسی کی تقریب میں مہمان خصوصی سابق صدر و وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر سردارمحمد یعقوب خان، سید نوشاد کاظمی، تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل، ، سردار حسن ابراہیم، بلال شکیل ایڈووکیٹ، سردارخورشید ، سردار صغیرسمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،تقریب سے اظہار خیالات کرتے ہوئےسردار یعقوب خان کا مزیدکہنا تھا کہ غازی ملت کا مشن ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل سے متعلق تھا اور اس مشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،سردار محمد ابراہیم خان کے ساتھ طویل عرصہ رہنے اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملاجو کہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ،سیاسی حالات میں اختلافات اور مشکلات آتی رہتی ہیں، لیکن ریاستی مفاد اور بنیادی نظرئیے پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ وہ غازی ملت کی برسی کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں آئندہ بھی شرکت کرتے رہیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ گل نے کہا کہ سردار ابراہیم خان ایک بہادر، اصول پسند اور مخلص رہنما تھے جنہوں نے برطانوی سامراج اور ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کی، سردار محمد ابراہیم خان کو دنیا سے رخصت ہوئے 23 برس بیت گئے، تاہم وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں،۔ انہوں نے اپنی تعلیم لندن سے حاصل کرنے کے باوجود بیرون ملک مستقل زندگی گزارنے کے بجائے اپنی دھرتی اور قوم کی خدمت کو ترجیح دی،عبداللہ گل نے کہا کہ سردار ابراہیم خان کی شخصیت محض ایک سیاست دان کی نہیں بلکہ ایک مکمل نظریاتی پیکج تھی جس میں جرات، اصول پسندی، حب الوطنی اور عوام سے محبت شامل تھی۔انہوں نے اپنی پوری زندگی اپنے اصولوں پر گزاری اور کبھی ذاتی مفادات کے لیے اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی زندگی آج کے سیاسی رہنماؤں کے لیے بھی ایک مثال ہے،عبداللہ گل نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیے،پاکستان نے آزاد کشمیر کے لیے وسائل فراہم کیے، تاہم اگر یہ وسائل عوام تک نہیں پہنچ رہے تو یہ گورننس کا مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کہ سردار ابراہیم خان کے خلاف کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ وہ صرف ایک خاندان یا جماعت کے رہنما ءنہیں بلکہ کشمیری قوم کے ہیرو اور نظریاتی رہنماء تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پونچھ کے صدر حافظ صغیر نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان آزاد کشمیر کے ہی نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کے ہیرو تھے۔ ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1947ء میں جب کشمیری عوام ڈوگرہ حکومت کے ظلم و ستم کا شکار تھے، سردار ابراہیم خان نے اپنے اہل خانہ کو پیچھے چھوڑ کر سری نگر سے راولاکوٹ کا سفر کیا اور اپنی قوم کی آزادی کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا، تقریب میں مقررین نے کہا ہے کہ سردار محمد ابراہیم خان محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریے اور تحریک کا نام تھے، ان کی جدوجہد نے آزاد کشمیر میں جمہوری تسلسل، عوامی نمائندگی اور پاکستان سے وابستگی کی بنیاد مضبوط کی۔ موجودہ حالات میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، آزاد کشمیر میں آج جو عوام کو ووٹ کا حق اور جمہوری نظام حاصل ہےاس کے پیچھے سردار محمد ابراہیم خان کی طویل سیاسی جدوجہد شامل ہے، سردار حسن ابراہیم اور سردار محمد یعقوب خان عوام کی نمائندگی کرنے والے اہم رہنما ہیں، انہیں موجودہ حالات میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا چاہیے تاکہ عوام اور اداروں کے درمیان پیدا ہونے والی غلط فہمیوں اور کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔حافظ صغیر نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد، اصول پسندی اور کشمیری عوام سے وفاداری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،بلال شکیل ایڈووکیٹ نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ ماضی کی غلطیوں کا بھی جائزہ لے اور موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ سیاسی کوششیں کرے، انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار ابراہیم خان کی جدوجہد قربانی، اصول پسندی اور ریاست کے مستقبل کے لیے تھی، اس لیے آج ان کے وارث ہونے کے دعویداروں کو بھی عملی طور پر ان کے نظریات پر عمل کرنا ہوگا،سردار خورشید نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سردار محمد ابراہیم خان نے پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کی وابستگی کا واضح مؤقف اختیار کیا تھا، اس لیے آج بھی ان کے نظرئیے کو سامنے رکھتے ہوئے حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، سردار یعقوب خان اور سردار حسن ابراہیم جیسے رہنما عوام اور سیاسی حلقوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بن سکتے ہیں، سیاسی قیادت کو آگے بڑھ کر کشیدگی ختم کرانے اور مسائل کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے،غازی ملت کے مشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تقریب سے سردار حسن ابراہیم،سید نوشاد کاظمی و دیگر نے بھی خطاب کیا،مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا تسلسل ایک اہم تاریخی حقیقت ہے اور اس جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنا سیاسی قیادت اور عوام دونوں کی ذمہ داری ہے۔ سردار محمد ابراہیم خان کی شخصیت کی تاریخی اہمیت صرف آزاد کشمیر تک محدود نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر سمیت پوری ریاست جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ان کا نمایاں مقام ہے وہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں چلنے والی تحریک کا حصہ تھے اور انہوں نے آزاد کشمیر کے خطے کو حاصل کرنے اسے منظم کرنے اور قائم رکھنے میں بنیادی کردار ادا کیا، سردار ابراہیم خان کی جدوجہد کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ ریاست اور عوام کے مستقبل کا تحفظ تھا، آج جب آزاد کشمیر میں کشیدگی اور بدامنی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں تو سیاسی کارکنوں، اسمبلی اراکین اور بالخصوص منتخب سیاسی قیادت کو اپنی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔مقررین نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان کی جدوجہد نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی، قربانی اور کشمیری عوام کے ساتھ وابستگی کو یاد رکھنا اور ان کے نظریات کو آگے بڑھانا موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔مقررین نے کہا کہ غازی ملت کی سیاسی میراث کو صرف برسی کی تقریبات تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کے اصولوں اور نظریات کو عملی سیاست میں بھی اپنانا چاہیے۔تقریب کے آخر میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی مغفرت، بلندی درجات، ملک و قوم اور ریاست جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی