پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان توانائی شعبے میں تاریخی تبدیلی سے گزر رہا ہے اویس لغاری

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں تاریخی تبدیلی سے گزر رہا ہے اور گزشتہ مالی سال کے اختتام تک آزادانہ تخمینوں کے مطابق ملک میں ڈسٹری بیوٹڈ سولر کی استعداد تقریباً 38 گیگاواٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ حکومت قومی بیٹری انرجی اسٹوریج فریم ورک کو حتمی شکل دے رہی ہے منگل کو سولر اسٹوریج اینڈ فلیکسیبلٹی کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بجلی پیدا کرنے کا نہیں بلکہ اضافی شمسی توانائی کو محفوظ کرکے ضرورت کے وقت استعمال میں لانے کا چیلنج درپیش ہے جس کے لیے بیٹری انرجی اسٹوریج ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ 2035 تک ملک کی 90 فیصد بجلی صاف ذرائع سے حاصل کی جائے، تاہم اس مقصد کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے ساتھ بیٹری اسٹوریج اور گرڈ فلیکسیبلٹی میں سرمایہ کاری بھی ضروری ہے۔ اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت نے قومی بیٹری انرجی اسٹوریج اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے ڈسکوز میں پائلٹ منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور ایک جامع قومی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جس میں حفاظتی معیارات، گرڈ کنکشن تکنیکی تقاضے اور سرمایہ کاروں کے لیے واضح قواعد شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر بیٹری مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، سافٹ ویئر اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کے فروغ پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں خود انحصاری اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے

Leave A Reply

Your email address will not be published.