تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کے اطراف فروخت تشہیر اور نمائش ممنوع نوٹیفکیشن جاری
گلگت (پی پی اے) گلگت بلتستان حکومت نے تمباکو مصنوعات کی تشہیر پروموشن اور سپانسرشپ پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے محکمہ نارکوٹکس کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق گلگت بلتستان بھر میں تمباکو سگریٹ اور اس سے متعلق تمام مصنوعات کی تشہیر پروموشن اور سپانسرشپ ممنوع قرار دی گئی ہے نوٹیفکیشن کے تحت تعلیمی اداروں ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے 200 میٹر کے دائرے میں تمباکو مصنوعات کی فروخت، ذخیرہ، نمائش اور ہر قسم کی تشہیر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے محکمہ نارکوٹکس نے گلگت بلتستان اور دیامر ریجن کے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے تعاون سے دکانداروں کو نوٹس جاری کریں اور 15 روز کے اندر تمام بینرز اور اشتہارات ہٹوا کر تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں عوامی اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے نوجوانوں اور طلبہ کو تمباکو نوشی سے بچانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کی جانب ایک اہم اور تاریخ ساز قدم قرار دیا