پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر سخت سکیورٹی مؤثر انتظامات اور مشترکہ کاوشوں سے تمام مجالس و جلوس بخیروخوبی مکمل ہوئے

راولپنڈی (پی پی اے) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی حضرت امام حسینؓ کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جہاں مرکزی جلوس مجالس عزا اور دیگر عزاداری کے اجتماعات منگل اور بدھ کی درمیانی شب انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کے حصار میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے مرکزی جلوس امام بارگاہ یادگار حسین سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی و مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور حضرت امام حسینؓ اہل بیت اطہارؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ضلع بھر کی امام بارگاہوں اور مساجد میں مجالس عزا منعقد ہوئیں جن سے علمائے کرام اور ذاکرین نے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کی ابدی تعلیمات پر روشنی ڈالی مقررین نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ، اہل بیت اطہارؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیاں حق انصاف صبر استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال مثال ہیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی مجالس کے اختتام پر شہر کے مختلف علاقوں سے روایتی ذوالجناح کے جلوس بھی برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں اور اوقات کے مطابق پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مرکزی جلوس اور دیگر عزاداری کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے تھے جلوس کے راستوں اور ملحقہ گلیوں کو خار دار تاروں بیریئرز اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ذریعے محفوظ بنایا گیا جبکہ راستے میں واقع بازار اور تجارتی مراکز بند رکھے گئے عزاداروں اور فلاحی تنظیموں نے مختلف مقامات پر سبیلیں قائم کیں جہاں شرکا کو پانی مشروبات اور لنگر فراہم کیا گیا پولیس ترجمان کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 3 ہزار 600 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات رہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 300 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیتے رہے جلوس کے پورے روٹ کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کنٹرول رومز اور جدید مانیٹرنگ نظام کے ذریعے کی گئی جبکہ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس میٹل ڈیٹیکٹرز خصوصی چیکنگ پوائنٹس اور خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں اس موقع پر کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے ریجنل پولیس آفیسر آر پی او بابر سرفراز الپا کے ہمراہ مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی و امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا سٹی پولیس آفیسر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے انہیں سکیورٹی پلان، پولیس نفری ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی ریسکیو 1122 بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر متعلقہ ادارے بھی پورے وقت الرٹ رہے ضلعی انتظامیہ پولیس ریسکیو اداروں اور رضاکاروں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے تمام جلوس اور مجالس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی

Leave A Reply

Your email address will not be published.