جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پی ایف ایف کا استقبالیہ ظہرانہ کھیلوں کے فروغ بین الاقوامی تعاون اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے کھیلوں کے ذریعے خیرسگالی بین الاقوامی تعاون اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بدھ کے روز جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ ظہرانے کا اہتمام کیا جنوبی کوریا کی ٹیم پاکستان ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف۔کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔ اس موقع پر روایتی پاکستانی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پی ایف ایف کی قیادت کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کھیل دوست ملک ہے اور تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر اسپورٹس فیڈریشنز بھی اسی جذبے کے تحت مہمان نوازی اور باہمی تعاون کی روایت کو آگے بڑھائیں گی انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی ہاکی نے دنیا کے دیگر کھیلوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے 1978ء کے ہاکی ورلڈ کپ میں بیونس آئرس میں پاکستان کی کامیابی نے ارجنٹائن کے فٹ بال کوچ سیزر لوئس مینوٹی کو جارحانہ اور پوزیشن پر مبنی حکمت عملی اپنانے کی ترغیب دی جس کے نتیجے میں ارجنٹائن نے اسی سال اپنا پہلا فیفا ورلڈ کپ جیتا پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس نے پاکستان کو بے شمار عالمی اعزازات اور قومی ہیرو دیے ہیں انہی روایات سے رہنمائی لیتے ہوئے ہم ملک میں فٹ بال کو بھی نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کے قومی کھیل سے اظہارِ محبت کی ایک معمولی سی کاوش ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کرکے دونوں کھیلوں کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا چاہتی ہے پی ایف ایف کے صدر کے حکومتی امور کے مشیر ایاب احمد نے اس دورے کو پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جبکہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے ایسے تبادلے جاری رہیں گے اس موقع پر پی ایف ایف کانگریس کے رکن راجہ محمد اشتیاق اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن وسیم راجہ نے بھی مختلف کھیلوں کی قومی فیڈریشنز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں کھیلوں کی مجموعی ترقی کو نئی جہت ملے گی