ملک سیف الملوک کھوکھر کا لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
لاہور (پی پی اے) صدر مسلم لیگ (ن) لاہور اور رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ لاہور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک شہباز کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے ترجمان کے مطابق وفد نے ناصر باغ اور نیلا گنبد کے زیرِ زمین پارکنگ پلازوں داتا دربار توسیعی منصوبے بھاٹی چوک انڈر پاس اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ اور تاریخی ورثے کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے پارکنگ کے مسائل میں کمی اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی.انہوں نے بتایا کہ نیلا گنبد مزار کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے جبکہ ناصر باغ انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کے اوپر گرین ایریا بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس آئندہ چند روز میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی ہے، جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے اور ان کی ٹیم بہترین کارکردگی پر تعریف کی مستحق ہے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ناصر باغ انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کا 72 فیصد اور نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کا 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور سرکلر روڈ پر ڈانسنگ فاؤنٹین بھی آئندہ چند روز میں نصب کر دی جائے گی