دستور ساز اسمبلی کا قیام قومی و پارلیمانی تاریخ کا تاریخی سنگِ میل، مضبوط جمہوری ادارے ملکی ترقی کی بنیاد ہیں ایاز صادق
اسلام آباد (پی پی اے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دستور ساز اسمبلی کا قیام پاکستان کی قومی و پارلیمانی تاریخ کا تاریخی سنگِ میل تھا جس نے ملک میں آئینی جمہوری اور پارلیمانی نظام کی مضبوط بنیاد رکھی دستور ساز اسمبلی کے قیام کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت ریاست پاکستان کی اساس ہے پارلیمان پاکستان 10 اگست 1947ء کو معرضِ وجود میں آیا جبکہ مملکت پاکستان کا قیام اسی پارلیمان میں 14 اگست 1947ء کو عمل میں آیا سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئین کی بالادستی قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی روایات کا فروغ قومی یکجہتی ملکی استحکام پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ 10 اگست 1947ء کو کراچی میں منعقد ہونے والا دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس بانیانِ پاکستان کے جمہوری وژن کی عملی تعبیر تھا جس نے آئین سازی قانون سازی اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھ کر جدید جمہوری ریاست کی تشکیل کی راہ ہموار کی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی دن آئینی اداروں کے احترام جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی نمائندگی کے تقدس کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے نوجوان نسل کو پاکستان کے آئینی ارتقا پارلیمانی تاریخ اور جمہوری روایات سے روشناس کرانا بھی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان ادارہ ہے جو مؤثر بروقت اور عوام دوست قانون سازی کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے موجودہ پارلیمان قانون سازی کو مزید مؤثر بنانے اور پارلیمانی کارروائی میں شفافیت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے سردار ایاز صادق نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی احترام مکالمے برداشت اور اتفاقِ رائے کی پارلیمانی روایت کو فروغ دیں مضبوط جمہوری ادارے ہی قومی استحکام اور ترقی کی بنیاد ہیں، جبکہ فعال پارلیمان مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضامن ہے انہوں نے کہا کہ عوام تک معلومات کی بروقت رسائی ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے اور پارلیمانی امور میں جدت کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں اسپیکر نے بتایا کہ نوجوانوں کو آئین پارلیمانی امور، قواعد و ضوابط اور قانون سازی کے عمل سے روشناس کرانے کے لیے قومی اسمبلی کا انٹرن شپ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے جو نوجوانوں میں جمہوری شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان 2015ء سے مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہو چکی ہے جو ماحول دوست پالیسیوں توانائی کے مؤثر استعمال اور پائیدار ترقی کے قومی وژن سے پارلیمان کے عملی عزم کا مظہر ہے سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان آئین کے تحفظ قانون کی حکمرانی جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتی رہے گی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دستور ساز اسمبلی کے قیام کی سالگرہ بانیانِ پاکستان کے جمہوری وژن آئینی اصولوں اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے انہوں نے کہا کہ پارلیمان وفاق کی علامت قومی وحدت کا مظہر اور عوام کی اجتماعی آواز ہے۔ مؤثر قانون سازی شفاف طرزِ حکمرانی اور مضبوط جمہوری ادارے ایک مستحکم پرامن اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں اور پارلیمان اس قومی مقصد کے حصول کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہے گی