پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے

اسلام آباد (پی پی اے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں تعلیم صحت، دفاع تجارت سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری قانون کی نظر میں بلاامتیاز رنگ، نسل جنس اور مذہب برابر ہیں اور مساوی قانونی تحفظ کے حقدار ہیں
انہوں نے یہ بات اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو ہر سال 11 اگست کو ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن باہمی احترام، رواداری مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے اپنے تاریخی خطاب میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے واضح کیا تھا کہ ہر شہری اپنے مذہب پر عمل کرنے اپنی عبادت گاہوں میں جانے اور اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے آزاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کا یہ تاریخی خطاب پاکستان میں مذہبی آزادی مساوات برداشت اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ایسے معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے جہاں تمام شہریوں کو بلاامتیاز رنگ نسل اور مذہب مساوی حقوق حاصل ہوں
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ریاست پاکستان قائداعظم کے وژن پر عمل پیرا ہے اور ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی سمیت مساوی حقوق حاصل ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے مؤثر قانون سازی کی ہے
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اقلیتی ارکان پارلیمان قانون سازی اور قومی امور میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو پاکستان کے جمہوری اور شمولیتی نظام کی مضبوطی کا مظہر ہے سردار ایاز صادق نے پاکستانی غیر مسلم شخصیات کی قومی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سی ای گبن سابق سپیکر پنجاب اسمبلی ایس پی سنگھا جسٹس اے آر کارنیلیئس جسٹس دراب پٹیل جسٹس رانا بھگوان داس ڈاکٹر رتھ فاؤ، پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر سیسل چوہدری گروپ کیپٹن کامران بشیر اور معروف سفارتکار جمشید مارکر سمیت دیگر ممتاز غیر مسلم شخصیات نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گراں قدر خدمات انجام دیں جو ہماری قومی تاریخ کا قابل فخر حصہ ہیں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مساوات، انصاف، مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کی یکساں شمولیت میں مضمر ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ رواداری باہمی احترام اور مذہبی آزادی ہی مضبوط پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان کی روح کے مطابق ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے جہاں تمام شہری بلاامتیاز مذہب رنگ و نسل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی زندگی بسر کر سکیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.