شزہ فاطمہ کی یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد، ڈیجیٹل پاکستان عزم۔
اسلام آباد۔ (پی پی اے): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی میونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے وطن اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کی آزادی کی 79ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم بانیانِ ملت کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ہر اس نسل کو سلام پیش کرتے ہیں جو پاکستان کو آگے لے کر گئی۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عزم، اعتماد اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کی رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں فتح نے ہماری قومی جرأت اور لچک کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی اور عالمی سطح پر مزید احترام حاصل ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام، بالخصوص نوجوان، باصلاحیت اور باہمت افراد ہیں اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو ترقی میں بدلنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ پاکستان ٹیکنالوجی کے صارف سے آگے بڑھ کر ایک خالق، جدت طراز اور برآمد کنندہ بننے کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیع رابطہ کاری، جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مستقبل بین پالیسی فریم ورک، سازگار قانون سازی، ڈیجیٹل شمولیت اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کے اقدامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، ڈیجیٹل ضابطہ جاتی ماحول مضبوط بنایا جا رہا ہے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے انفراسٹرکچر کو وسعت دی جا رہی ہے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل و ہائی ٹیک مہارتوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔ جدت طرازی کے پلیٹ فارمز، نمائشوں اور نئے کاروباری منصوبوں کے ذریعے پاکستانی صلاحیتوں کو ملکی مسائل کے حل اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری پیشرفت نتائج دے رہی ہے، مالی سال 2025-26 میں آئی ٹی برآمدات 21 فیصد نمو کے ساتھ ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ پاکستان کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں 27 درجے بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم مضبوط انفراسٹرکچر، محفوظ ڈیٹا، عالمی سطح پر مسابقتی افرادی قوت اور جامع جدت طرازی کے نظام کے ساتھ ایسا ڈیجیٹل پاکستان بنانا ہے جو ہر شہری کے لیے مواقع پیدا کرے اور جدت پسند، مربوط، محفوظ اور عالمی سطح پر مسابقتی ہو۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئیے اس یومِ آزادی پر اپنے ماضی کا احترام کریں، اپنی پیشرفت کو آگے بڑھائیں اور ایسے پاکستان کے لیے کام کریں جو نہ صرف مستقبل کو اپنائے بلکہ اسے تخلیق کرے اور اس کی قیادت کرے۔ پاکستان زندہ باد۔