کینجھر جھیل میں 83 ہزار 300 ایکڑ فٹ اضافی پانی ذخیرہ کے بی فیڈر لائننگ سے کراچی کو پانی کی فراہمی کیلئے اضافی ذخیرہ دستیاب ہوگیا
اسلام آباد ( پی پی اے) کلری بگھار فیڈر اپر کی جاری لائننگ کے نتیجے میں کینجھر جھیل میں تقریباً 83 ہزار 300 ایکڑ فٹ اضافی پانی ذخیرہ کیا گیا ہے، جس سے موسم گرما میں کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے اضافی ذخیرہ دستیاب ہوگیا ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق 2 جون 2026 کو کینجھر جھیل میں پانی کی سطح 49.40 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق اس تاریخ کے لحاظ سے بہترین سطح ہے۔ کلری بگھار فیڈر اپر فیز ون کے تحت 57.81 کلومیٹر نہر کی سیمنٹ کنکریٹ لائننگ کی جا رہی ہے۔ اب تک 42.08 کلومیٹر حصے کی لائننگ مکمل ہوچکی ہے اور منصوبے کی جسمانی و مالی پیش رفت 78 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ منصوبے پر اب تک 31 ارب 54 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے پانی کے رساؤ کے باعث ہونے والے 510 کیوسک نقصان میں کمی آئے گی جبکہ کراچی کے لیے کے فور منصوبے کے تحت یومیہ 260 ملین گیلن پانی کی ضرورت پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ منصوبہ 2026-27 کے دوران اپنی نظرثانی شدہ مدت کے اندر مکمل ہونے کی جانب گامزن ہے