پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان اور مصر میں زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے ملاقات کی، جس میں زراعت، غذائی تحفظ اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور جدید زراعت، پانی کے بہتر انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کاشتکاری اور زرعی ٹیکنالوجی میں مصر کی پیش رفت سے متاثر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کپاس کی پیداوار اور معیار بہتر بنانے کے لیے مصری تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہتر اقسام، معیاری بیج، جدید پیداواری طریقوں، فصلوں کے انتظام اور ویلیو ایڈیشن میں مصر کا تجربہ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔رانا تنویر حسین نے دونوں ممالک کے زرعی حقیقی اداروں کے درمیان تعاون، ماہرین کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تربیتی پروگراموں کی تجویز دیتے ہوئے پانی کی بچت پر مبنی آبپاشی، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت، زرعی مشینری، لائیو اسٹاک، باغبانی اور زرعی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی پیداوار بڑھانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور کسانوں کی آمدن بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معیاری زرعی مداخل اور تحقیق و توسیعی خدمات کے درمیان مضبوط روابط پر توجہ دے رہی ہے۔ مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے زرعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ مصری اداروں کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ ملاقات میں کپاس، آبپاشی، زرعی تحقیق اور پانی کی کمی والے علاقوں میں کاشتکاری کے حوالے سے تجربات کے تبادلے کا خیرمقدم کیا گیا۔ فریقین نے زرعی تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے باہمی رابطہ جاری رکھنے اور ایسے عملی شعبوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق کیا جن سے دونوں ممالک کے کسانوں، زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کو فائدہ پہنچ سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.