اوگرا کا تیل سپلائی چین ڈیجیٹل بنانے کا منصوبہ، ذخائر کی حقیقی وقت میں نگرانی ہوگی
اسلام آباد (پی پی اے) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے تیل کی سپلائی چین کو مزید ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے، جس کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں سے پٹرولیم مصنوعات کا ڈیٹا براہ راست انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) نظام کے ذریعے حاصل کیا جائے گا جبکہ آٹومیٹک ٹینک گیجنگ (اے ٹی جی) سینسرز سے ذخائر کی صورتحال معلوم کی جائے گی سرکاری دستاویزات کے مطابق اوگرا پہلے ہی تیل کی سپلائی چین کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کر چکی ہے جبکہ آئل پائپ لائنز کو ای آر پی نظام سے منسلک کرنے کا عمل جاری ہے، جو ستمبر 2026 کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد اوگرا کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور دستیابی سے متعلق زیادہ درست، قابل اعتماد اور بروقت معلومات حاصل ہوں گی، جس سے مصنوعات کی ضروریات کی منصوبہ بندی اور سپلائی چین کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔ اوگرا اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کے مجموعی پٹرولیم ذخائر کی نگرانی کرتی ہے، تاہم کسٹمز بانڈڈ ذخائر کی حقیقی وقت میں نگرانی کے لیے مخصوص ای آر پی نظام موجود نہیں۔ کسٹمز بانڈڈ ذخائر کی نگرانی، اِن بانڈنگ اور ایکس بانڈنگ سمیت دیگر امور پاکستان کسٹمز اور ایف بی آر کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اوگرا ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز کو اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک رسائی فراہم کر چکی ہے۔ حقیقی وقت کے ڈیٹا سے سرکاری و نجی بانڈڈ اسٹوریج تنصیبات میں موجود پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مؤثر جانچ اور مطابقت ممکن ہوگی۔ اوگرا کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے شفافیت میں اضافہ، ریگولیٹری نگرانی میں بہتری، سرکاری محصولات کے تحفظ اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی میں مدد ملے گی