ہزارہ ڈویژن میں یوم آزادی پر 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے
ایبٹ آباد۔ ( پی پی اے) چیف کنزرویٹر نادرن فاریسٹ ریجن ہزارہ اصغر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہزارہ ڈویژن میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، جو مقررہ 4 لاکھ 77 ہزار پودوں کے ہدف سے کہیں زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں شجرکاری کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں سرکاری محکموں تعلیمی اداروں سول سوسائٹی اور مقامی افراد نے بھرپور حصہ لیا ریجنل انفارمیشن آفیسر ہزارہ رضوان ملک سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ مہم کا مقصد جنگلات میں اضافہ ماحول کو سرسبز بنانا اور آلودگی میں کمی لانا ہے اصغر خان نے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی ضروری ہے جس کے لیے محکمہ جنگلات اقدامات کر رہا ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ شجرکاری کے ساتھ موجودہ درختوں اور جنگلات کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کریں خیبر پختونخوا حکومت کے گرین وژن کے تحت ہزارہ ڈویژن میں موزوں مقامات پر مزید شجرکاری جاری رکھی جائے گی