پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت برقرار اپوزیشن یکسوئی پیدا کرے طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔ ( پی پی اے) وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت آج بھی برقرار ہے اپوزیشن اپنے اندر یکسوئی پیدا کرے ملک میں امن استحکام اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کا واحد راستہ مذاکرات اور باہمی بات چیت ہے پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور بات چیت کے لیے کوئی پیشگی شرط یا ایجنڈا مقرر نہیں کیا گیا اپوزیشن جس بھی موضوع پر بات کرنا چاہے، حکومت اس پر گفتگو کے لیے تیار ہے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی پیشکش کی جبکہ اپوزیشن سے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اپنی پسند کی جگہ تجویز کرنے کو بھی کہا گیا تاکہ وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما تمام معاملات پر کھل کر بات کر سکیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ مذاکرات اور سیاسی بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنا چاہتی ہے یا احتجاج اور تصادم کی سیاست آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ روزانہ ایوان کی کارروائی معطل کرکے طویل تقاریر سے مسائل حل نہیں ہوں گے پارلیمنٹ ہی تمام سیاسی اختلافات کے حل کا مؤثر فورم ہے وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے تاہم اسے پرامن ہونا چاہیے اور اس کے نتیجے میں شہریوں کی نقل و حرکت کاروبار تعلیمی اداروں اور اسپتالوں تک رسائی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام آباد کسی ایک جماعت یا طبقے کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا شہر ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کی مدت ختم نہیں ہوئی اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر پارلیمانی رہنما وقت اور مقام کا تعین کریں تاکہ مذاکراتی عمل آگے بڑھایا جا سکے حکومت سیاسی مکالمے پر یقین رکھتی ہے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کے لیے تیار ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.