کلیام اعوان میں بچوں کی سائیکل ریلی، بارش بھی جذبہ حب الوطنی نہ روک سکی
گوجرخان (پی پی اے) یونین کونسل کلیام اعوان میں جشن آزادی کے موقع پر احمر افتخار کی قیادت میں بچوں اور نوجوانوں کی شاندار سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ بارش کے باوجود 6 سے 20 سال کی عمر کے سیکڑوں بچوں نے قومی پرچم تھامے ریلی میں شرکت کی اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے فضا کو گرما دیا۔ ریلی کے آغاز پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ نئی نسل کو حب الوطنی کے ساتھ پاکستان کو سرسبز، صاف اور خوبصورت بنانے کی ترغیب بھی دی جائے۔ ریلی کے مختلف مقامات پر اہل علاقہ نے شاندار استقبال کیا، بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے احمر افتخار نے کہا کہ کلیام اعوان کی سائیکل ریلی گزشتہ 10 برس سے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کی علامت بن چکی ہے۔ بارش کے باوجود بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت نئی نسل کے جذبۂ حب الوطنی کا واضح ثبوت ہے