کلیم اللہ کی چار گولز کی بدولت پاکستان نے ٹونگا کو روند دیا
آذربائیجان (پی پی اے) پاکستان نے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی قومی ٹیم کی جانب سے کلیم اللہ نے چار گول اسکور کرکے نمایاں انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ مقبول اور مصطفیٰ نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی فتح کو یادگار بنا دیا میچ کے چھٹے منٹ میں ٹونگا کو پنلٹی ملی، جس پر گول کے باعث پاکستان کو ابتدائی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تاہم شاہینز نے فوری طور پر مقابلے میں واپسی کی اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔کلیم اللہ نے ساتویں منٹ میں پنلٹی پر گول کرکے مقابلہ برابر کیا جبکہ 13ویں منٹ میں دائیں جانب سے آنے والے کراس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے پاکستان کو برتری دلا دی قومی ٹیم نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کلیم اللہ نے ایک اور پنلٹی کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا جارحانہ انداز برقرار رہا بائیں جانب سے کِک اِن پر آنے والی گیند گول کے دور والے پوسٹ پر موجود کلیم اللہ تک پہنچی جنہوں نے عمدہ چھلانگ لگاتے ہوئے ہیڈر کے ذریعے اپنا چوتھا گول اسکور کیا اور پاکستان کی برتری مزید مستحکم کردی بعد ازاں مقبول نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ مصطفیٰ نے بائیں جانب سے بننے والی خوبصورت موو کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کا چھٹا گول اسکور کیا۔ قومی ٹیم نے میچ کے دوران مسلسل حملے کیے اور متعدد مواقع پیدا کرکے اپنی برتری برقرار رکھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی بھی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ مقابلے سے قبل انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بلا خوف و خطر کھیلنے کی تلقین کی، جبکہ میچ کے اختتام پر پوری ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دی۔صدر پی ایف ایف نے کہا کہ شاہینز فیفا ورلڈ کپ کی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ٹیم بن گئی ہے۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ موجودہ نسل کے کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے اور بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی نوجوان فٹبالرز کو مستقبل میں بھی ایسے مزید بین الاقوامی مواقع میسر آئیں گے، جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں مدد ملے گی۔