پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز کا فائنل کل کھیلا جائے گا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹائٹل کی جنگ شاہین شاہ آفریدی اور کوسل مینڈس اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے

لاہور (پی پی اے) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کا فائنل ہفتہ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکا کی قیادت کوسل مینڈس کریں گے میچ کا ٹاس دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا جبکہ کھیل کا آغاز ایک بجے ہوگا پاکستانی ٹیم ایونٹ میں انگلینڈ کے خلاف دو اور سری لنکا کے خلاف ایک کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔ قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اترے گی پاکستان میں منعقد ہونے والی یہ چوتھی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہے اس سے قبل 1994 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ 2004 میں سری لنکا اور زمبابوے جبکہ 2025 میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے پاکستان میں سہ فریقی سیریز میں حصہ لیا تھا
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نمایاں بلے باز ہیں جنہوں نے چار میچوں میں 158 رنز اسکور کیے ہیں انہوں نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں سنچری بھی اسکور کی تھی بولنگ کے شعبے میں نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 87 رنز کی کامیابی میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی چار میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کے دلشان مدوشنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں
فائنل سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم ابتدائی اوورز میں رنز بنانے اور شراکت داریاں قائم کرنے سمیت بعض شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے انہوں نے کہا کہ شائقین نے ہمیشہ قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا ہے اور امید ہے کہ وہ فائنل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اسی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر کر بہترین کھیل پیش کرے دوسری جانب سری لنکن کپتان کوسل مینڈس نے کہا کہ فائنل ان کی ٹیم کے لیے ایک اہم مقابلہ ہے پاکستان نے حالیہ میچوں میں عمدہ کرکٹ کھیلی ہے، تاہم سری لنکن ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پُرعزم ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف گزشتہ مقابلے میں سری لنکا نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور فائنل میں بھی بنیادی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی شائقین کی جانب سے سری لنکن کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو بھی انہوں نے خوش آئند قرار دیا
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل پی سی بی لائیو ایپ کے ذریعے پاکستان برطانیہ شمالی امریکا کیریبین افریقہ اور یورپ میں براہ راست دکھایا جائے گا پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس میچ نشر کرے گا جبکہ ٹَیپ میڈ اور تماشا پر بھی براہ راست نشریات دستیاب ہوں گی
فائنل کے لیے کمنٹری پینل میں انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر مارک بُچر پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز خان سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل اور وقار یونس جبکہ سری لنکا کے روشن ابے سنگھے شامل ہوں گے فائنل کے لیے پاکستان کا اسکواڈ شاہین شاہ آفریدی کپتان ابرار احمد سلمان علی آغا عرفات منہاس بابر اعظم فہیم اشرف فخر زمان معاذ صداقت محمد غازی غوری وکٹ کیپر حارث رؤف حسن نواز نسیم شاہ رضا اللہ سعد بیگ وکٹ کیپر صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان سری لنکا کا اسکواڈ کوسل مینڈس (کپتان) سہان آراچیگے دشمنتھا چمیرا سچندو کولمباج اویشکا فرنینڈو اسیتھا فرنینڈو جنتھ لیانگے دلشان مدوشنکا ایشان ملنگا کامندو مینڈس کامل مشارا لاہیرو اودارا پون رتھنائیکے داسن شناکا مہیش تھیکشنا اور دونتھ ویلالاگے

Leave A Reply

Your email address will not be published.