آر آئی یو جے اور سٹی لیب کے درمیان صحافیوں کیلئے مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد (پی پی اے) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) اور سٹی لیب کے درمیان صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی میں خصوصی رعایت دینے کے لیے مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت آر آئی یو جے کے ممبران اور ان کے اہل خانہ سٹی لیب سے پیتھالوجی ٹیسٹوں پر 30 فیصد جبکہ ریڈیالوجی کی سہولیات پر 20 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے. اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی اور سٹی لیب کے مارکیٹنگ مینیجر محمد اشرف نے مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں آر آئی یو جے کے سیکرٹری فنانس اظہار خان نیازی، نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کے رکن نوابزادہ خورشید اور آر آئی یو جے کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن نوابزادہ شاہ علی بھی موجود تھے اس موقع پر آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی نے سٹی لیب کے چیئرمین اور سابق وزیر ڈاکٹر ناصر جمال کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات میں خصوصی رعایت فراہم کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ سٹی لیب کا تعاون صحافیوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے جسے آر آئی یو جے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے معاہدے کے مطابق رعایتی سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے آر آئی یو جے کے ممبران کو سٹی لیب میں اپنا یونین کارڈ اسکین کروانا ہوگا، جس کے بعد وہ خود اور ان کے اہل خانہ مقررہ رعایت حاصل کر سکیں گے. اس حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات رہنمائی یا دشواری کی صورت میں آر آئی یو جے کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن نوابزادہ شاہ علی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جنہیں اس معاہدے کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے