اوٹاوا (پی پی اے) امریکا کے ساتھ تین روزہ تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کینیڈا نے امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا 8 ستمبر سے امریکی اسٹیل، الیکٹرانکس اور دیگر مصنوعات پر ڈالر کے بدلے ڈالر کی بنیاد پر جوابی ٹیرف عائد کرے گا۔ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر 50 فیصد اضافی محصولات عائد کرنے کے فیصلے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم مارک کارنی نے امریکی اقدام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اپنے کارکنوں، کسانوں، خاندانوں اور کاروباری شعبے کے تحفظ کے لیے امریکی ٹیرف کا برابر جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا امریکا کی پیشکش قبول نہیں کر سکتا اور نہ ہی وہ چیزیں فراہم کرے گا جو امریکا نے طلب کی ہیں۔ امریکی صدر کے نئے ٹیرف سے کینیڈا کی وائن، فرنیچر، ڈیری مصنوعات، سیمنٹ، کپڑے اور ہاکی کے سامان سمیت تقریباً 20 ارب ڈالر کی برآمدات متاثر ہوں گی۔ یہ ٹیرف سہ فریقی آزاد تجارتی معاہدے (یو ایس ایم سی اے) کے تحت آنے والی بعض مصنوعات پر بھی لاگو ہوں گے، جنہیں اس سے قبل اس معاہدے کے تحت تحفظ حاصل تھا۔ دوسری جانب امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے مذاکرات کی ناکامی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا نے امریکا کے ساتھ شراکت داری کا ایک بہترین موقع ضائع کر دیا۔ انہوں نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امریکا فی الحال کینیڈا کے ساتھ مزید مذاکرات کا ارادہ نہیں رکھتا اور کینیڈا کی جوابی کارروائی کا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ تجارتی ماہرین کے مطابق امریکی اقدامات سے کینیڈا کی برآمدات کا تقریباً 5 فیصد حصہ شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ لکڑی اور وائن سمیت بعض اہم صنعتوں کو بھاری نقصان اور روزگار کے مواقع میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم مارک کارنی کے سخت فیصلے کو کینیڈا میں سیاسی اور عوامی حمایت بھی حاصل ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ پیئر پوئیلیور نے کہا کہ کینیڈین شہریوں کو اپنے روزگار اور کاروبار پر ہونے والے غیر منصفانہ حملوں کے خلاف متحد ہو کر ملک کا دفاع کرنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تنازع کے باعث امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے آزاد تجارتی معاہدے کے مستقبل پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔