اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر عزت مآب محمد اقبال حسین خان نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پی ایف ایف کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کیا ملاقات کے دوران پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے صدر سید محسن گیلانی کے پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور فروغ کے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فٹبال کے انتظامی نظام اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، گراس روٹ سطح پر کھیل کو فروغ دینے، نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت خواتین اور نوجوانوں کیلئے مواقع بڑھانے اور ملک بھر میں فٹبال کی پائیدار ترقی کے راستے کو یقینی بنانے کے عزم پر روشنی ڈالی.ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فٹبال تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا دونوں برادر ممالک کے درمیان کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی حکام کے تبادلوں، تکنیکی مہارتوں کے اشتراک اور فٹبال کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے نئے راستوں پر غور کیا گیا اور فٹبال کے مشترکہ جذبے کے ذریعے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے اور کھیل کی باہمی ترقی کیلئے بامقصد مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا