اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کی جانب ایک اہم اور حوصلہ افزا پیشرفت سامنے آئی ہے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معروف اسٹار اور نیشنل بینک آف پاکستان این بی پی کے ایڈوائزر شاہد خان آفریدی بوم بوم آفریدی نے اپنی اسپورٹس ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد کا اہم دورہ کیا دورے کے دوران شاہد آفریدی کی اسپورٹس ٹیم نے نیشنل بینک آف پاکستان کی نئی ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے باصلاحیت اور ہونہار کھلاڑیوں کے انتخاب کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے پاکستان ہاکی کی تاریخ میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے کہ ملک کا ایک بڑا قومی مالیاتی ادارہ ہاکی کے فروغ کے لیے اپنی مستقل ٹیم قائم کرنے کی جانب عملی اقدامات کر رہا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نیشنل بینک آف پاکستان کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیشرفت سے ملک کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے ہاکی کھلاڑیوں کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے، جبکہ انہیں پیشہ ورانہ سطح پر کھیل جاری رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم ہوگا.پی ایچ ایف کے مطابق ادارہ جاتی سرپرستی اور تعاون پاکستان میں ہاکی کی بحالی ترقی اور دوبارہ عروج کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایسے اقدامات نوجوان کھلاڑیوں کو محفوظ مستقبل فراہم کرنے اور قومی کھیل کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے