پاکستان میں پہلی رمضان ٹی 20 وہیل چیئر کرکٹ کپ 2027 کا اعلان

کراچی لاہور اور فیصل آباد میں فلڈ لائٹس کے زیر سایہ مقابلے، چار علاقائی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی

کراچی (پی پی اے) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل پی ڈبلیو سی سی نے ملک میں پہلی رمضان ٹی 20 وہیل چیئر کرکٹ کپ 2027 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے یہ تاریخی ایونٹ ماہ رمضان المبارک میں فلڈ لائٹس کے زیر سایہ منعقد ہوگا جو پاکستان کی تاریخ کا پہلا باضابطہ نائٹ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا ٹورنامنٹ میں قومی سطح کے ممتاز وہیل چیئر کرکٹ کھلاڑی چار علاقائی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی لاہور اور فیصل آباد کے اہم کرکٹ مقامات پر مقابلوں میں حصہ لیں گے ایونٹ کا مقصد رمضان المبارک کی روحانی فضاء کھلاڑیوں کے عزم اور ٹی 20 کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں کو یکجا کرنا ہے جہاں جسمانی معذوری کے حامل کھلاڑی روزے کی حالت میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی چیئرپرسن رخسانہ راجپوت نے اس تاریخی اقدام پر کہا کہ رمضان کی راتوں میں کرکٹ پاکستان کی مقبول کھیلوں کی روایت ہے کراچی لاہور اور فیصل آباد جیسے اہم شہروں میں رمضان ٹی 20 وہیل چیئر کرکٹ کپ کا انعقاد ہمارے کھلاڑیوں کو اپنی غیر معمولی صلاحیتیں فلڈ لائٹس کے زیر سایہ دکھانے کا موقع فراہم کرے گا انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ محض کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ عزم ایمان اور شمولیت کا جشن ہے جو ملک بھر میں خصوصی افراد کے کھیلوں کے مثبت تشخص کو مزید مستحکم کرے گا ٹورنامنٹ میں چار بہترین ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی جس کے بعد پلے آف اور فائنل کھیلا جائے گا ایونٹ میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وہیل چیئر کرکٹ کھلاڑی شرکت کریں گے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے مطابق یہ تاریخی مقابلہ ملک میں خصوصی افراد کے کھیلوں کے فروغ باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے اور وہیل چیئر کرکٹ کو مزید مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا

Comments (0)
Add Comment